Facebook SDK

 Naat lyrics | Urdu naats | Peer Naseer ul deen naseer naats

نعت شریف


ادب! سرورِؐ مُرسَلاں آ رہے ہیں
رسالت کے رُوحِ رواں آ رہے ہیں
بصد عظمت و عِزّ و شاں آ رہے ہیں
جلَو میں لیئے قُدسیاں آ رہے ہیں
شہنشاہِؐ کون و مکاں آ رہے ہیں

یہی ذکر ہے آج ایک ایک گھر میں
ستاروں میں، غنچوں میں، گُل میں، گُہر میں
یہی دھُوم ہے ہر طرف بحر و بَر میں
مِٹانے کو ہر شر لباسِ بشر میں
شہنشاہِؐ کون و مکاں آ رہے ہیں

بُجھے کفر و الحاد کے سب شرارے
لرزتا ہے ابلیس دہشت کے مارے
سحر دم یہ کرتی ہیں کِرنیں اشارے
خدا کے دُلارے، خدائی کے پیارے
شہنشاہِؐ کون و مکاں آ رہے ہیں

بحُسنِ نبوّت بشانِ رسالت
سراپا تجلّی مجسَّم عنایت
سِحابِ کرم، سلسبیلِ شفاعت
بہ صد رفعت و رحمت و رُشد و رافت
شہنشاہِؐ کون و مکاں آ رہے ہیں

مناظر تجلّی کے ہیں کچھ عجب سے
فضا جگمگا کر یہ کہتی ہے سب سے
منوّر زمیں ہو گئی ماہِؐ عرب سے
ملائک ہیں صف بستہ ہر سُو ادب سے
شہنشاہِؐ کون و مکاں آ رہے ہیں

زہے خوش نصیبی، زہے کامگاری
چمکنے کو ہے آج قسمت ہماری
نظر منتظر، دل فدا، جان واری
وہ آئی، وہ آئی، وہ آئی سواری
شہنشاہِؐ کون و مکاں آ رہے ہیں

یہ صبحِ مسرّت ہے خوشیاں مناؤ
درُود و سلام اپنے ہونٹوں پہ لاؤ
محمّدؐ کے جلووں پہ قربان جاؤ
ادب سے نصؔیرؒ اپنی آنکھیں جُھکاؤ
شہنشاہِؐ کون و مکاں آ رہے ہیں

فرمُودۂ الشیخ پیرسیّدنصیرالدّین نصیرؔ جیلانی،
رحمتُ اللّٰه تعالٰی علیہ، گولڑہ شریف

Post a Comment

Previous Post Next Post