کہاں کسی کی حمایت میں مارا جاؤں گا
میں غم شناس مروت میں مارا جاؤں گا
میں مارا جاؤں گا پہلے کسی فسانے میں
پھر اس کے بعد حقیقت میں مارا جاؤں گا
میں ورغلایا ہوا لڑ رہا ہوں اپنے خلاف
میں اپنے شوقِ شہادت میں مارا جاؤں گا
مرا یہ خون مرے دشمنوں کے سر ہوگا
میں دوستوں کی حراست میں مارا جاؤں گا
مجھے بتایا ہوا ہے میری چھٹی حِس نے
میں اپنے عہدِ خلافت میں مارا جاؤں گا
میں چپ رہا تو مجھے مار دے گا میرا ضمیر
گواہی دی تو عدالت میں مارا جاؤں گا
عدو کی عارضی پسپائی میری فتح کہاں
میں شغلِ مال غنیمت میں مارا جاؤں گا
مرا کوئی میرے ہاتھوں تو بھی میں ہی مرا
طرح طرح کی وضاحت میں مارا جاؤں گا
حصص میں بانٹ رہے ہیں مجھے مرے احباب
میں کاروبار شراکت میں مارا جاؤں گا
بس ایک صلح کی صورت میں جان بخشی ہے
کسی بھی دوسری صورت میں مارا جاؤں گا
Rip Arshad Shareef, Arshad shareef death,
#ArshadSharif
.jpeg)
Post a Comment